سندھ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا احتجاج شدت اختیار کرگیا، پولیس کا لاٹھی چارج ، حالات کشیدہ

Published On 30 June,2025 08:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کے مطالبے کیلئے احتجاج جاری ہے، صوبائی حکومت سے مذاکرات میں ناکامی پر ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی تو حالات کشیدہ ہوگئے،اب تک 20 مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

کراچی پریس کلب کے باہر سرکاری ملازمین اتحاد نے احتجاج کیا اور پھر مظاہرین نے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس نے انہیں لاٹھی چارج، شیلنگ اور واٹرکینن سے روکنے کی کوشش کی جس پر مشتعل افراد نے پولیس پر جوابی پتھراؤ کیا۔

احتجاجی مظاہرین کی صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ریڈ زون کی طرف پہنچے اور دھرنا دیا جس پر کراچی پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ایک بار پھر شیلنگ کی تو سڑک پر موجود عام افراد زد میں آگئے اور اُن کی حالت غیر ہوگئی جبکہ ایک خاتون پولیس اہلکار کی طبیعت بھی بگڑی جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

احتجاجی مظاہرین کی پیش قدمی کو روکنے کیلیے پولیس نے اطراف کی سڑکوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا جس کے باعث آئی آئی چندریگر اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوا۔

قبل ازیں پولیس نے مظاہرین کی پیش قدمی اور احتجاج کو روکنے کیلیے کراچی پریس کلب آنے والے تمام راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا تھا جس کے باعث صحافیوں اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا، ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔