کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں 106 مرکزی سڑکوں میں سے 32 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ مفت ہو گی، ضلع جنوبی میں 3 اور ضلع کیماڑی کے 2 مقامات پر پارکنگ مفت ہوگی، ضلع وسطی میں 5، ملیر اور کورنگی میں 7 مقامات پر پارکنگ فری ہو گی جبکہ ضلع شرقی میں 15 مقامات پر پارکنگ بالکل مفت ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی کی 11 وال باؤنڈری پارکنگ پر مقررہ فیس رہے گی، جیلانی سینٹر موبائل مارکیٹ، ناز پلازہ سے آمنہ ٹاور ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی جبکہ کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شارجہ مال سے کوہ نور ہال حب ریور روڈ پر پارکنگ فری ہو گی، کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ ایم اے جناح روڈ پر پارکنگ فری ہو گی۔
ضلع وسطی میں ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ پر پارکنگ فری ہوگی، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد نمبر 10 ایس ایم توفیق روڈ پر پارکنگ فری ہو گی، چیز سپر سٹور شاہراہ پاکستان، سینٹرم شاپنگ مال راشد منہاس روڈ، کفایہ اور اومیگا مال نارتھ کراچی پر بھی فری پارکنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔