اسلام آباد : (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے 5 تا 10 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس میں نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 5 تا 10 جولائی کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافے سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
تربیلا ڈیم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے نچلے درجےکی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جی بی، خیبرپختونخوا میں گلیشائی جھیلیوں کے پھٹنے سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
ترجمان این ڈے ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں۔
الرٹ میں کہا گیا کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے لہذا محتاط رہیں، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان این ڈے ایم اے نے مزید کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔