لاہور: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع ژوب میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی مسافر سپرد خاک کر دیے گئے، مقتولین کا مقدمہ ژوب کے تھانے میں درج کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں نے بسوں سے اتار کر پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو شہریوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، شہداء میں دنیاپور کے دو سگے بھائی عثمان اور جابر، گجرات کا 23 سالہ بلاول، فیصل آباد کا شیخ ماجد، لاہور کا جنید، مظفرگڑھ کا محمد آصف، ڈی جی خان کا محمد عرفان، خانیوال کا غلام سعید اور گوجرانوالہ کا صابر شامل ہیں۔
شہداء کی میتیں سخت سیکیورٹی میں ان کے آبائی علاقوں کو منتقل کی گئیں، جہاں انہیں لواحقین کے حوالے کیا گیا، دنیاپور میں جب دو بھائیوں عثمان اور جابر کے جنازے ایک ساتھ اٹھے تو علاقے میں کہرام مچ گیا، نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دونوں بھائیوں کو چوک قریشی میں سپرد خاک کیا گیا۔
فیصل آباد کے رہائشی شیخ ماجد، جو لورالائی میں کپڑے کے کاروبار سے وابستہ تھے، ان کو مقامی قبرستان میں دفنایا گیا، ان کے سوگواران میں بیوہ، والدہ اور تین بہن بھائی شامل ہیں، گجرات کے نوجوان بلاول کو بھی آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دیا گیا، وہ دبئی سے حال ہی میں وطن واپس آیا تھا اور دوستوں سے ملنے کوئٹہ گیا ہوا تھا۔
لاہور کے جنید کوئٹہ میں اپنے سسرال سے واپس آرہے تھے، اسی بس میں سوار تھے جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا، انہیں بھی لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا، جنید کی شہادت نے اہل علاقہ کو غم سے نڈھال کر دیا جنہوں نے حکومت سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں بھی ضلع نوشکی میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جب پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کو قتل کر دیا گیا تھا۔
ژوب میں 9 مسافروں کے قتل کا مقدمہ درج
بلوچستان کے ضلع ژوب میں 9 مسافروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی ژوب میں درج کرلیا گیا، ایس ایچ او تھانا لیویز کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے اجلاس کو ڈب سرہ ڈاکئی واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانےکی ہدایت کی، سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معصوم جانوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ان کا آخری حد تک تعاقب کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ لیویز اور پولیس کی حدود سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے، دہشت گردوں کےخلاف بلاتاخیر اور فیصلہ کن ایکشن لیاجائےگا۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ امن دشمن عناصرکےساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان میں قانون کی عملداری پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔