پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے ہیں تو سپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا: طلال چودھری

Published On 13 July,2025 06:15 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی، پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے ہیں تو سپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ ژوب میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کوشہید کیا گیا، بلوچستان میں پنجابیوں کے خلاف بیانیہ بنایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سپانسر ڈپراکیسزپنجاب کے خلاف بیانیہ بناتی ہیں، پنجاب نےاین ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کےعوام کو ان کاحصہ دیا، مرنے والے پنجابی نہیں پاکستانی ہیں، مارنے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہیں، پنجاب میں بلوچی اورپشتون کاروبارکرتے ہیں اوررہائش پذیر بھی ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، بلوچستان سے نکلنے والی گیس کا 70 فیصد بلوچستان خود استعمال کرتا ہے، کچھ عناصرنفرت کی آگ میں انسانیت کادرس بھول گئے ہیں۔

طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی، پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے ہیں تو سپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا۔