غذر میں سیلابی ریلے سے تباہی، گلگت بلتستان کے 35 مقامات آفت زدہ قرار

Published On 01 August,2025 01:26 am

غذر: (دنیا نیوز) غذر میں گزشتہ رات بارش کے بعد سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی،22 گھر،18 دکانیں مکمل تباہ ہوگئیں،42 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

سیلابی ریلے کے باعث سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، باغات اور جنگلات متاثر ہوئے، گوپس خٹم کے مقام پر سیلابی ریلے نے دریائے غذر کا رخ موڑ دیا، گلگت چترال روڈ دریائی کٹاؤ کے باعث مکمل تباہ ہوگیا، بالائی علاقے پھنڈر کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

شگر کے بالائی علاقے سینو برالدو میں سیلاب کی تباہ کاریاں، دوسرے روز بھی سیلابی پانی میں کمی نہ آ سکی، مسلسل کٹاؤ، زرعی اراضی کو مستقل نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا، گندم کی تیار فصل متاثر ہوئی، سیلاب سے متاثرہ علاقے آفت زدہ قرار دیکر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

آفت زدہ قرار دیئے جانے والے اضلاع میں گلگت، نگر، غذر، دیامر، سکردو، گانچھے اور کھرمنگ کے متعدد علاقے شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع کے 35 مقامات کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔