کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں مسجد کے باہر فائرنگ سے معروف وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواجہ شمس الاسلام معروف تاجر مزمل پراچہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ڈیفنس کی مسجد قران اکیڈمی پہنچے تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے خواجہ شمس الاسلام اور ان کا بیٹا دانیال زخمی ہو گیا، خواجہ شمس الاسلام کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ دانیال کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی جنوبی نے بتایا کہ خواجہ شمس الاسلام ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے تھے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے دو خول ملے ہیں جن کا فرانزک کرایا جائے گا۔
خواجہ شمس الاسلام 30 سال سے زائد عرصہ سے شعبہ وکالت سے منسلک تھے، ان پر 2024 میں بھی ایک قاتلانہ ہوا تھا۔