اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی طرف سے ثقافتی اور روحانی یکجہتی کی علامت کے طور پر ویتنام اور تھائی لینڈ کو تاریخی ’’فاسٹنگ بدھا‘‘ کی نقول کے تحائف دیئے گئے ہیں۔
پاکستان نے معروف گندھارا دور کے فاسٹنگ بدھا کے ایک شاندار مجسمے کی نقل ویتنام کے سب سے بڑے بدھ مت مندر بائی ڈنھ پاگوڈا کو تحفے میں دی، یہ تاریخی مجسمہ دوسری صدی عیسوی کے گندھارا دور سے تعلق رکھتا ہے، یہ سِکری میں دریافت ہوا تھا اور اصل نمونہ اس وقت لاہور میوزیم میں محفوظ ہے۔
اس مجسمہ میں شہزادہ سدھارتھ کو سخت ریاضت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو ان کی روحانی بیداری کی علامت ہے۔
تقریب کا آغاز ویتنام بدھسٹ سنگھا کے سیکریٹری جنرل مہا وینریبل تھِچ ڈُک تھین کی قیادت میں دعاؤں سے ہوا، سینئر ویتنامی حکام، مذہبی رہنماؤں اور بین الاقوامی معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر کوہدیار مری نے کہا کہ یہ تحفہ پاکستان کی روحانی اور ثقافتی میراث کا عکس ہے، ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور امن، رواداری اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اسلام کا حقیقی پیغام بھی احترام اور ہم آہنگی ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے بدھ مت تہذیب اور گندھارا ورثے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےفاسٹنگ بدھا کے ایک نفیس مجسمے کی نقل تھائی لینڈ کو تحفے میں دی ہے جس کی تقریب قومی عجائب گھر بنکاک میں ہوئی۔
پاکستان کی سفیر رخسانہ افضل نے مجسمہ تھائی لینڈ کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل فینومبوت چنتراچوتی کے حوالے کیا، تھائی حکام، سفارتکار، اقوام متحدہ کے نمائندگان، سول سوسائٹی، ماہرینِ آثارِ قدیمہ، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل چنتراچوتی نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحفہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ ثقافتی و سفارتی تعلقات کا مظہر ہے، گندھارا اور بدھ مت ورثے نے دونوں ممالک کو روحانی طور پر جوڑ رکھا ہے۔