افغان زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان سے امداد روانہ کر دی گئی: اسحاق ڈار

Published On 03 September,2025 08:20 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان سے امداد روانہ کر دی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کے تناظر میں آج پاکستان سے امداد افغانستان روانہ کی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ 105 ٹن امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امداد زلزلہ متاثرین کے لئے روانہ کی گئی ہے، ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم زلزلہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں، اس مشکل گھڑی میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ ہے۔