ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں دانا سر کے مقام پر گاڑی کھائی میں گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈی آئی خان میں داناسر کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں، حادثہ خانوزئی سے ڈیرہ اسماعیل خان آتے ہوئے پیش آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں دریا خان، احمد اور 10 سالہ یوسف شامل ہیں، زخمیوں اور تمام نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے داناسر کے مقام پر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کی، مرحومین کے ایصالِ ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔