بیوی اور بچوں کیلئے نان و نفقہ مقرر کرنے کے عدالتی فیصلے کیخلاف درخواست مسترد

Published On 01 October,2025 12:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیوی اور دو بچوں کیلئے 75 ہزار روپے ماہانہ نان و نفقہ مقرر کرنے کے عدالتی فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کر دی۔

گارڈین جج اسلام آباد نے اہلیہ کیلئے 15 ہزار اور دو بچوں کیلئے 30 ہزار روپے فی کس ماہانہ خرچہ دینے کا عبوری حکم دیا تھا، عمر اکبر علی گھمن نے عبوری حکم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

جسٹس محمد اعظم خان نے گارڈین جج کا عبوری حکم برقرار رکھتے ہوئے پٹیشنر کو نان و نفقہ کی ادائیگی کی ہدایت کر دی۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ اہلیہ نافرمان ہے، ازدواجی حقوق کی بحالی کیلئے بار بار درخواست کی، اہلیہ ازدواجی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے شوہر کا ساتھ نا دے تو کسی قسم کے نان و نفقہ کی حقدار نہیں۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ شوہر نے پٹیشن میں اپنی اہلیہ سے متعلق جس طرح کے الفاظ کا استعمال کیا وہ اس کی بدنیتی ظاہر کرتے ہیں، فیملی جج کے 6 مارچ 2025 کے آرڈر میں کوئی بے قاعدگی یا غیر قانونی بات نہیں۔