کراچی:(دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کی جانب سے دسواں الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سمندری طوفان شکتی شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔ طوفان گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب، جنوب مغرب کی سمت بڑھا اور اس وقت کراچی سے تقریباً 800 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ طوفان آئندہ 12 گھنٹوں میں جنوب مغرب کی جانب بڑھنے کے بعد مشرق کی طرف مڑ جائے گا اور رفتہ رفتہ کمزور ہو کر سائیکلونک سٹورم میں تبدیل ہو جائے گا۔
دوسری جانب طوفان کے زیراثر سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جبکہ جھکڑوں کی شدت 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
علاوہ ازیں طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار 110 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔