کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ سنا دیا۔
کوئٹہ میں حلقہ بندیوں اور مردم شماری سے متعلق تمام آئینی درخواستیں خارج کرتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد انتخابات مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حلقہ بندیوں کا اختیار آئینی طور پر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں قرار دیا اور کہا کہ کسی ووٹر کو حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات دائر کرنے میں ناکام رہے، عدالت نے 2023 کے تمام عبوری احکامات واپس لے لیے۔
جسٹس اقبال احمد کاسی اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں میں مداخلت عدالت کے دائرہ کار میں نہیں۔
عدالت نے 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کے خلاف دلائل مسترد کر دیئے،عدالت عالیہ بلوچستان کے مطابق کسی قانونی شق کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوئی، عدالت نے عوامی مفاد میں جلد انتخابات کا حکم دے دیا۔