چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے خوش آئند اقدام

Published On 04 October,2025 07:02 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ روزی خان بڑیچ نے ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے خوش آئند اقدام اٹھا لیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں پنشن برانچ کے قیام کے ثمرات ظاہر ہونے لگے، ریٹائرڈ ملازم کو صرف دس دن بعد تمام پنشن واجبات کی ادائیگی کر دی گئی۔

چیف جسٹس روزی خان بڑیچ کی جانب سے ریٹائرڈ ملازم کو شیلڈ اور تحفہ پیش کیا گیا، تقریب میں رجسٹرار عبدالقیوم لہڑی اور دیگر عدالتی افسران نے شرکت کی۔

چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملازمین عدالتی نظام کا اہم ستون ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ملازمین کا احترام اور مالی تحفظ یقینی بنائیں گے، پنشن برانچ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی سمت تاریخی پیش رفت ہے۔