خیبرپختونخوا: امتحانات میں طلبہ کی بڑی تعداد فیل، سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

Published On 07 October,2025 10:26 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں کے سالانہ امتحانات میں طلبہ کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دے دی گئی۔

محکمہ تعلیم نے نتائج میں ناکامی پر متعلقہ سکول سربراہان اور اساتذہ کے خلاف کارروائی کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق صرف تین تعلیمی بورڈز ایبٹ آباد، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں ہونے والے میٹرک و انٹر امتحانات میں 5 لاکھ 92 ہزار 685 طلبا و طالبات نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 71 ہزار 250 طلبہ فیل ہوگئے۔

دستاویزات کے مطابق امتحانات میں 72 فیصد طلبہ پاس جبکہ 28 فیصد ناکام قرار پائے، ایبٹ آباد بورڈ میں 63 ہزار 602، ملاکنڈ بورڈ میں 24 ہزار 347 اور کوہاٹ بورڈ میں 83 ہزار 301 طلبہ فیل ہوئے۔

محکمہ تعلیم نے مزید بتایا ہے کہ کوہاٹ بورڈ میں 50 فیصد، ایبٹ آباد بورڈ میں 27 فیصد جبکہ ملاکنڈ بورڈ میں 12 فیصد طلبہ امتحان میں ناکام رہے۔

محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ نتائج کا تفصیلی جائزہ لے کر غیر ذمہ دار اساتذہ اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔