پشاور:(دنیا نیوز) تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلی ٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت اپوزیشن اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وزارت اعلیٰ کے لیے چار امیدوار میدان میں آگئے جن میں پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی ، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان امیدوار ہیں۔
دوسری جانب اتحادی جماعتوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے ارباب زرک، مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہاں نے بھی کاغذات جمع کرائے۔
دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی کے ترجمان انجینیئر احسان اللہ نے واضح کیا کہ اے این پی نہ تو کسی ہارس ٹریڈنگ کا حصہ بنے گی اور نہ ہی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی کی حمایت کرے گی۔
علاوہ ازیں اسی دوران وزیراعلیٰ کے استعفے کی منظوری سے متعلق معاملہ ایک نئے تنازع کی شکل اختیار کر گیا ہے،اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ جب تک گورنر علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور نہیں کرتے، نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنے کا عمل آئینی طور پر مشکوک رہے گا۔