اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم کے علاقے میں 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوارجیوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن نعمان سیلم سمیت 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں نے فرض کی راہ میں جانیں نچھاور کرکے اعلیٰ مثال قائم کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم شہید کیپٹن نعمان سمیت 6 جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے، جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے وطن کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔



