کراچی: (دنیا نیوز) دوسرے صوبوں کی گاڑیوں کے ای چالان بھی کراچی والوں کو ملنا شروع ہو گئے ہیں، کراچی میں چوری شدہ کار کے مالک کو 10 ہزار روپے کا ای چالان بھیج دیا گیا۔
چوری ہوئی گاڑی کو جرمانے کی تحقیقات کے دوران ایک اہم انکشاف سامنے آیا، خلاف ورزی کراچی رجسٹریشن کی کار نے نہیں بلکہ کوئٹہ سے رجسٹرڈ گاڑی نے کی۔
کراچی کی کار نمبر اے اے آر 540 چوری شدہ جبکہ اسی رجسٹریشن نمبر کی گاڑی کوئٹہ کی ہے، کوئٹہ میں رجسٹرڈ کار اے اے آر 540 کے ڈرائیور نے حب روڈ پر خلاف ورزی کی۔
سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر کوئٹہ کی گاڑی کا 10 ہزار کا ای چالان کراچی کے کار مالک کو بھیج دیا گیا، ایک ہی نمبر پلیٹ ہونے کی وجہ سے اس کا ای چالان کراچی کے مالک کو آیا۔
پولیس کے مطابق چوری شدہ گاڑی اور ای چالان شدہ گاڑی کا میک اور ماڈل بھی الگ الگ ہیں، گاڑی اے اے آر 540 صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں رجسٹرڈ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں رجسٹریشن آن لائن نہیں، ایسی گاڑیاں کراچی پولیس کے لیے درد سر بن رہی ہیں۔



