اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروو سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سینیٹر کامل علی آغا، سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدراور چیئرمین سینیٹ کی مشیر و سفیر برائے آئی ایس سی مصباح کھر بھی شریک ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ نے علاقائی تعاون کے لیے بین الپارلیمانی روابط کے فروغ پر زور دیا، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، یوسف رضا گیلانی نے کرغز سپریم کونسل کے ساتھ پارلیمانی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
.jpg)
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان۔ کرغزستان دوستی مشترکہ اقدار، ثقافت اور اسلامی ورثے پر مبنی ہے، دونوں ممالک کے مضبوط سیاسی تعلقات اعلیٰ سطحی روابط سے مستحکم ہوئے، بی پی سی اور JMC جیسے مکینزم تجارت، تعلیم، توانائی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے کا فریم ورک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے شہید بے نظیر بھٹو، آصف زرداری اور اپنے بشکیک دورے کی تاریخی اہمیت کا ذکر کیا، ای سی او اور او آئی سی میں کرغزستان کے تعمیری کردار کو چیئرمین سینیٹ کی جانب سے سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان 2 سال میں کرغزستان سے تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک لیجانے کیلئے پُرعزم
آئی ایس سی ISC اسلام آباد کانفرنس کی کامیابی عالمی پارلیمانی سفارتکاری میں اہم سنگِ میل ہے، کانفرنس کے دوران دھماکے کے باوجود مندوبین کا موجود رہنا جمہوریت کی مضبوطی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے BRI اور CPEC کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ گوادر، بن قاسم اور کراچی کی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک کے لیے سٹریٹجک رسائی فراہم کرتی ہیں، CASA-1000 صاف توانائی کا نمایاں منصوبہ ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 18 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ کرغزستان میں زیر تعلیم، دونوں ممالک کے تعلقات کا مضبوط پل ہے، پاکستان کرغزستان کے ساتھ امن، استحکام اور خوشحالی کی سٹریٹجک شراکت داری کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے کرغز صدر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر گفتگو
ملاقات میں سیاحت، ثقافتی تبادلے، فضائی روابط اور ویزا میں آسانی بڑھانے پر زور دیا گیا، صدر صادر ژاپاروو کا پاکستان کے ساتھ اقتصادی و سفارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اظہار کیا۔
کرغز صدر نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمانی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔



