لاہور: (دنیا نیوز) قدرتی آفات ہوں یا ناگہانی واقعات، ہر موقع پر انسانیت کی خدمت کیلئے پیش پیش نظر آنے اور لوگوں کی جان بچانے والے رضا کاروں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
ہرسال 5 دسمبر کو رضا کاروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد رضا کاروں کی خدمات کا اعتراف کرنا، ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں رضا کار جذبہ ایثار کے تحت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہر دم مدد کو حاضر ہوتے ہیں، مشکل حالات کا شکار انسانیت کی خدمت بنا رنگ و نسل اور بغیر مذہب کی تفریق ان کا نصب العین ہے۔
بغیر کسی لالچ کے، بلامعاوضہ، بلا مفاد لوگوں کی مدد کرتے رضا کار ہی حقیقت میں انسان کہلائے جانے کے حقدار ہیں، سلام ان تمام رضاکاروں کو جو خدمت، قربانی اور جذبۂ انسانیت سے معاشرے کو محفوظ تر بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں، بلاشبہ یہ رضا کار ہمارے معاشرے کا حقیقی حسن ہیں۔



