نیو یارک: (ویب ڈیسک) ویڈیو گیمز کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ورلڈ چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی کھلاڑی ارسلان صدیقی نے فتح کا جھنڈا گاڑھ دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ کے فائنل کے دوران ارسلان صدیقی ایونٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونےوالی چیمپئن شپ میں ٹیکن 7 کے فائنل جیتنے کا اعزاز اپنے سر سجایا۔
میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی نے گیمنگ کی دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کو پچھاڑا۔ ارسلان ٹیکن ٹیگ ٹورنامنٹ ٹو کے گرینڈ فائنل میں کوریا سے تعلق رکھنے والے ٹیکن گیم کے لیجنڈ یائی من نی کو ہرا کر عالمی چیمپئن بنے۔ فتح کے بعد انہیں شکرانے کے طور پر سجدہ بھی ادا کیا۔ جس پر شائقین انہیں خوب داد بھی دی۔
فائنل میں ان کا مقابلہ کرنے والا جنوبی کوریائی کھلاڑی بھی ارسلان صدیقی کا مداح نکلا اور اس نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
فائنل میچ جیتنے کے بعد ایش کہلانے والے پاکستانی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ میں یہ اعزاز جیتنے والا پہلا پاکستانی بلکہ پہلا گیمر ہوں۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں نے کوئی ناقابل یقین کھیل جیتا ہو۔ مجھے اپنے آپ پر فخر ہے اور اتنا خوش ہوں کہ الفاظ میں بیان بھی نہیں کر سکتا۔
یاد رہے کہ ارسلان صدیقی نے 2018ء سے گیمنگ ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کیا اور رواں سال جاپان میں ہونے والا ایوو ٹورنامنٹ بھی جیتا۔