میڈرڈ : ( ویب ڈیسک ) معروف برطانوی ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کا میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سفر تمام ہو گیا۔
ایسوسی ایشن ٹینس پروفیشنل ( اے ٹی پی ) کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، برطانوی ٹینس سٹار کو اٹلی کے اینڈریا واواسوری نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا۔
مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میچ میں اینڈریا واواسوری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں ٹائی بریک پر 2-6 اور6-7(7-9)سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی۔
دوسری جانب بیلاروس کی ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آرینا سبلینکا اور یونانی ٹینس کھلاڑی ماریا سکاری ویمنز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
آرینا سبلینکا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں رومانیہ کی سورانا کرسٹیا اور ماریا سکاری نے نیدرلینڈ ز کی آرانٹکسارس کو شکست دی۔