لندن : ( ویب ڈیسک ) سابق عالمی نمبر ایک کیرولین وزنیاکی نے ریٹائرمنٹ کے تین سال بعد ٹینس میں واپسی کا اعلان کردیا۔
32 سالہ کیرولین وزنیاکی جنوری 2020 میں ریٹائر ہوئی تھیں لیکن اب اپنے دو بچوں کو جنم دینے کے بعد واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ یو ایس اوپن سے قبل اگست میں مونٹریال میں ہونے والے کینیڈین اوپن میں کھیلنا چاہتی ہیں جہاں وہ 2009 اور 2014 میں فائنل تک پہنچی تھیں۔
وزنیاکی کے اعلان کے فوراً بعد یو ایس اوپن نے کہا کہ انہیں 28 اگست سے شروع ہونے والے ایونٹ کیلئے پہلے ہی وائلڈ کارڈ دیا جا چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈینش ٹینس سٹار 2024 میں آسٹریلین اوپن اور پیرس اولمپکس میں بھی حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
حالیہ انٹرویو کے دوران وزنیاکی کا کہنا تھا کہ میں اپنی واپسی پر بلکل نروس نہیں ہوں بلکہ میں اس سفر پر واپسی کر رہی ہوں جس سے مجھے پیار ہے، مجھے یہ یقین ہے کہ میں یو ایس اوپن اور آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کر سکتی ہوں اور اسی لئے میں نے واپسی کا اعلان کیا ہے۔