راشد نسیم نے 150 واں عالمی ریکارڈ پاک فوج کے نام کر دیا

Published On 11 June,2025 02:52 am

لاہور: (ویب ڈیسک) راشد نسیم نے 150 واں عالمی ریکارڈ پاک فوج کے نام کر دیا۔

راشد نسیم انفرادی طور پر 126 ریکارڈ بنا کر پاکستان میں سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز بنانے کا اعزاز اپنے نام رکھتے ہیں، راشد نسیم ماشل آرٹس اکیڈمی 150 واں ریکارڈ بنانے کے بعد پاکستان میں سب زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والی اکیڈمی بن گئی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے حال ہی میں راشد نسیم کے مزید 3 عالمی ریکارڈ منظور کرلئے، راشد نسیم نے پہلے ریکارڈ میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر کہنی سے 48 کولڈ ڈرنک کین پھاڑنے کا ریکارڈ بنایا اس سے قبل یہ ریکارڈ 45 کین کا تھا۔

راشد نسیم نے دوسرے ریکارڈ میں ہاتھ میں انڈا پکڑ کر ایک ہاتھ سے 200 کے مقابلے میں 207 مرتبہ ٹارگٹ پر مکے برسائے اور انڈے کو ٹوٹنے نہیں دیا، تیسرے ریکارڈ میں 40 کے مقابلے میں 44 مضبوط ماربل ٹائیلز کو سر کی ٹکر سے توڑنے کا ریکارڈ پاکستان کے نام کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے مذکورہ ریکارڈز کی تصدیقی ای میل جاری کرتے ہوئے سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیئے۔

واضح رہے کہ راشد نسیم اب تک بھارت کے 40 سے زیادہ ریکارڈ توڑ چکے جبکہ انگلینڈ چین،اٹلی،ایران، مصر، جرمنی،سربیا اور سوئززلینڈ کے ریکارڈ کو بھی توڑ چکے، راشد نسیم واحد پاکستانی ہیں جو اب تک پاکستان کے لیے انٹرنیشنل شوز میں نمائندگی کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ راشد نسیم کے 18 شاگرد عالمی ریکارڈ ہولڈر ہیں، ان کا بیٹا، بیٹی، اہلیہ اور والد بھی پاکستان کو عالمی اعزاز دلواچکے ہیں۔