کولمبو: (دنیا نیوز) محمد آصف نے ایشین 6 ریڈ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں قدم رکھ کر میڈل یقینی بنالیا، دفاعی چیمپئن اویس منیر اور سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد کا سفر پری کوارٹر فائنل ہی میں ختم ہوگیا۔
سری لنکا کے شہر کولمبو سےموصولہ اطلاعات کے مطابق چیمپئن شپ کے تیسرے دن تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے ایک جان توڑ مقابلے کے بعد ملائیشیا کے کھلاڑی کم کو لیونگ کو3-5 سے مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
قبل ازیں پری کواٹر فائنل میں محمد آصف نے کمبوڈیا کے نیانگ ٹولہ کو ایک فریم کی قربانی دے کر 1-5 سے فتح پائی اور برانز میڈل کا حصول یقینی بنالیا۔تاہم، دیگر دونوں پاکستانی کیوئسٹ ناک آوٹ کے پہلے مرحلہ میں ہی شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
پری کوارٹر فائنل میں اعزاز کے دفاع کے لیے کوشاں اویس منیر کو ہانگ کانگ کے منگ وا مان نے سخت مقابلے کے بعد 3-5 سےٹھکانے لگایا جبکہ سابق عالمی نمبر 2 محمد سجادکوسنگا پور کے سنی وانگ نے کسی دقت کے بغیر 0-5 سے شکست دےدی۔
سیمی فائنل میں بدھ کو محمد آصف کا مقابلہ ملائشیا کے تھور چوان لیونگ سے ہوگا۔