ناسا مریخ کے رازوں سے پردہ اٹھانے کے لیے پر عزم

Last Updated On 04 April,2018 01:11 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) کائنات کی وسعتوں کو کھوجنے والے ادارے ناسا کا نیا منصوبہ، سرخ سیارے کے رازوں سے پردہ اٹھانے کے لیے اگلے ماہ "انسائٹ" نامی جدید ترین خلائی جہاز روانہ کیا جائے گا۔

ناسا کے مطابق "انسائٹ" نامی اس جدید ترین خلائی جہاز کو آئندہ ماہ کی 5 تاریخ کو مریخ کی جانب روانہ کیا جائے گا جو سرخ سیارے کی اندرونی سطح کا جائزہ لے گا۔

 ناسا کے خلائی ماہرین کو امید ہے کہ اس مشن کی بدولت مریخ کی اندرونی ساخت، کیمیائی ترکیب، تاریخ اور دیگر سیاروں کے بارے میں تازہ معلومات ملیں گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مریخ کی اندرونی ساخت کے جائزے سے زمین کے متعلق بھی معلومات حاصل ہوں گی۔

ناسا میں اس خلائی مشن سے وابستہ اہم ماہر بروس بینرٹ کہتے ہیں کہ سرخ سیارے کے رازوں سے پردہ اٹھا کر ہم اپنے نیلے سیارے کی خبر لے سکیں گے۔ ماہرین کے مطابق اس اہم مشن سے نہ صرف مریخ بلکہ پورے نظامِ شمسی کے متعلق ہماری معلومات میں اضافہ ہوگا۔

 

مریخ پر بھیجنے جانے والے "انسائٹ" نامی اس مشن کا پورا نام "انٹیریئر ایکسپلوریشن یوزنگ سیسمک انویسٹی گیشنزجیوڈیسی اینڈ ہیٹ ٹرانسپورٹ" ہے۔