لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک کی مقبول ترین میسنجر ایپ کو اب رئیل ٹائم میں ترجمہ کرنے کی صلاحیت سےمزین کیا جا رہا ہے۔
فیس بک میسنجر پر انگلش میں چیٹ کرتے ہوئے مشکل کا سامنا کرنے والے صارفین کی مدد اب خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ کرئے گی۔ اس مقصد کے لیے فیس بک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے 2 مختلف زبانوں میں بات چیت کرنے والے افراد کو رئیل ٹائم میں ترجمہ کی سہولت فراہم کرے گی۔
اس فیچر کو سب سے پہلے امریکا میں انگلش اور اسپینش زبان کے ترجمے کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا مگر آنے والے ہفتوں میں اسے ہر ایک کے لیے فراہم کیا جائے گا۔ آغاز میں یہ فیچر کاروباری اداروں کے لیے فائدہ مند ہوگا جو اپنے صارفین سے مختلف زبانوں میں بات کرنے کے قابل ہوجائیں گے، تاہم اسے عام استعمال کے لیے بھی بہتر کیا جائے گا۔ میسنجر کے سربراہ ڈیوڈ مارکوس نے فیس بک کی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس کے موقع پر بتایا اب میسنجر پر بات چیت کے دوران زبان رکاوٹ نہیں بنے گی اور لوگ کسی سے بھی کسی بھی زبان میں بات کرسکیں گے ۔
اس سے قبل گوگل ، آمیزون اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس سے ملتے جلتے فیچرز مختلف ڈیوائسز یا سروسز کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔