کون سا کھانا زہریلا ہو سکتا ہے؟

Last Updated On 08 June,2018 09:46 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) بعض اوقات تھوڑی سی بےاحتیاطی خوراک کو زہریلا کر سکتی ہے اور فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتی ہے۔ آئیے ان کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔

کچا پکا گوشت: فوڈ پوائزننگ کا سب سے بڑا سبب وہ گوشت ہے جسے اچھی طرح پکایا نہیں گیا ہوتا۔ مرغی کے کچے گوشت میں کیمپیلو بیکٹریا ہوتے ہیں۔ اس میں سالمونیلا، کلوسٹریڈیم پرفرینجنز اور دوسرے بیکٹیریا بھی ہوتے ہیں۔ دوسری اقسام کے کچے گوشت میں سالمونیلا، ای کولی، یرسینیا اور دوسرے بیکٹیریا ہوتے ہیں۔ مرغی و دیگر اقسام کے کچے گوشت کو اچھی طرح پکانے سے یہ بیکٹیریا ختم ہو جاتے ہیں، لیکن صرف دیکھ کر یہ نہیں بتایا جا سکتا ہے کہ گوشت اچھی طرح پکا ہوا ہے یا نہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ پکاتے وقت اندرونی درجہ حرارت زیادہ ہو۔

بچاکھچا گوشت: گوشت ایک بار پکا لینے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اب محفوظ ہو گیا ہے۔ پکانے کے بعد بچ جانے والے گوشت کو دو گھنٹوں کے اندر ریفریجریٹر میں 40 فارن ہائٹ (4.4 سینٹی گریڈ) یا اس سے کم درجہ حرارت پر رکھنا چاہیے۔ اگر گوشت کے ٹکڑے بڑے ہوں تو انہیں چھوٹا کر لیں تاکہ ٹھنڈک اندر تک جا سکے اور بیکٹیریا نہ بڑھ پائیں۔
کین میں بند خوراک: آج کل کین میں بند خوراک عام مل جاتی ہے۔ لیکن اگر کین میں بڑا ڈینٹ یا گڑھا پڑا ہو تو اس میں موجود خوراک نہ کھائیں۔ بڑا ڈینٹ اسے کہتے ہیں جس میں انگلی کا کچھ حصہ گھس جائے۔ گہرے ڈینٹ تیز دھار ہو سکتے ہیں۔ ان سے کین کی وہ تہہ پھٹ سکتی ہے جو بیکٹیریا کی آمد کو روکتی ہے۔

کچا دودھ: کچے دودھ میں نقصان دہ بیکٹیریا ہو سکتے ہیں جو بیماریاں پیدا کرتے ہیں۔ ان میں کیمپیل وبیکٹر، کرپٹو سپوریڈیم، ای کولی، لسٹیریا اور سالمونیلا شامل ہیں۔ لسٹیریا سے پھیلنے والی ایک بیماری، اگرچہ عام نہیں، لیکن دوران حمل یہ کافی خطرناک ہو سکتی۔ بڑی عمر کے افراد میں مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے کچے دودھ سے ان کے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس لیے ہر ایک کو ابلا ہوا دودھ پینا چاہیے۔

کچا انڈا: انڈا چاہے صاف ستھرا اور مکمل ہی کیوں نہ دکھائی دے رہا ہو، اس میں سالمونیلا بیکٹیریا ہوتا ہے۔ اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ انڈے کو اتنی دیر پکایا جائے کہ اس کی سفید اور زردی دونوں سخت ہو جائیں۔ کچا انڈا نہ کھائیں۔

کچی مچھلی: کچی یا کم پکی ہوئی کستورا و دیگر مچھلیوں میں بیکٹیریا اور وائرس ہوتے ہیں۔ ان میں ایک بیکٹیریا ویبریو ہوتا ہے جس سے ’’وائبرایوسس‘‘ نامی انفیکشن ہو سکتی ہے۔ اگر مچھلیوں کی افزائش آلودہ پانی میں ہوئی ہے تو بھی یہ بیمار کر سکتی ہیں۔ انہیں ہمیشہ اچھی طرح پکا کر کھانا چاہیے۔

بغیر دھلے پھل اور سبزیاں: تازہ پھل اور سبزیاں صحت کے لیے مفید ہیں لیکن کچے پھل اور سبزیوں میں بیمار کرنے والے مختلف بیکٹیریا ہوتے ہیں۔ باغ سے کھانے کی میز تک آنے کے دوران یہ جراثیم کسی بھی وقت چپک سکتے ہیں۔ اس لیے انہیں ہمیشہ اچھی طرح دھو لینا چاہیے۔ اگر کسی وجہ سے آپ کا مدافعتی نظام کمزور ہو چکا ہے (جیسے کیموتھراپی یا سرجری کی وجہ سے) تو پھر انہیں دو بار اچھی طرح دھو کر استعمال کریں۔

کچا آٹا: یوں تو آپ سے توقع نہیں کہ آپ کچا آٹا کھائیں گے، لیکن بہر حال آپ کو بتا دیں کہ کھیتوں میں نقصان دہ جراثیم اناج کے ساتھ ہو لیتے ہیں اور پسائی کے بعد بھی ساتھ رہتے ہیں۔

ترجمہ: ر۔ع