پانی میں بھی کام کرنیوالا دنیا کا سب سے چھوٹا فون

Last Updated On 09 June,2018 09:50 am

لاہور(نیٹ نیوز) ویسے تو دنیا میں پہلے بھی چھوٹے ترین سمارٹ موبائل متعارف کرائے جا چکے ہیں گزشتہ برس دسمبر میں برطانوی کمپنی زینکو نے ایک ایسا موبائل متعارف کرایا تھا جس کی لمبائی محض 7۔46 ملی میٹر جبکہ وزن صرف 13 گرام تھا۔

یہ فون 2 جی تھا جبکہ اس سے قبل گزشتہ برس اپریل میں ہی چینی کمپنی ’’یونی ہرٹز‘‘ نے جیلی نامی ایک ایسا چھوٹا فون متعارف کرایا تھا جو فور جی تھا۔جیلی نامی موبائل محض 2.45 انچ سکرین کا حامل تھا جبکہ اس کی مجموعی لمبائی 3.6 انچ اور چوڑائی 1.7 انچ تھی۔اب اسی کمپنی نے ’’ایٹم‘‘ نامی ایک اور چھوٹا موبائل متعارف کرایا ہے جسے پانی میں بھی چلایا جا سکے گا۔

اس فون کی خاص بات یہ ہے کہ یہ نہ صرف فور جی ہے بلکہ اس میں پہلی بار فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے ۔محض 2.45 انچ کی سکرین رکھنے والے اس موبائل کے بیک پر 16 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے ۔ اس چھوٹے ترین موبائل کی قیمت پاکستانی 30 ہزار روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔

خیال رہے اس موبائل کو تیار کرنیوالی کمپنی ابھی فنڈز اکٹھے کرنے میں مصروف ہے ، جیسے ہی کمپنی کو مطلوبہ فنڈز یا سرمایہ کار مل جائینگے اس فون کو متعارف کرایا جائیگا۔