لاہور: (روزنامہ دنیا) تقریباً 70 کیلوریز پر مشتمل ایک انڈے کے فوائد بہت سے ہیں۔ آئیے انڈوں کے استعمال کی پانچ وجوہ جانتے ہیں۔
پروٹین کا سستا ذریعہ:
انڈے پروٹین حاصل کرنے کے سستے ترین ذرائع میں سے ہیں۔ پانچ سے نو روپے کے ایک انڈے سے آپ اعلیٰ معیار کی چھ گرام پروٹین حاصل کر سکتے ہیں۔ انڈے میں تقریباً نصف پروٹین زردی میں اور نصف سفیدی میں ہوتی ہے۔
بھوک دیر سے لگنا:
اگر ناشتے میں انڈے استعمال کیے جائیں تو بھوک دیر سے لگتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد صبح انڈے کھاتے ہیں ان میں بھوک کے ہارمون زیادہ سرگرم نہیں ہوتے، وہ زیادہ مطمئن رہتے ہیں اور دوپہر کے وقت زیادہ نہیں کھاتے۔
نقصان دہ روشنی سے آنکھوں کا بچاؤ:
انڈوں میں ایک عنصر جسے ’’لوٹین‘‘ کہتے ہیں، خاصی مقدار میں ہوتا ہے۔ لوٹین آنکھوں کو ’’عضلاتی انحطاط‘‘ سے بچاتی ہے۔ یہ سمارٹ فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر سے نکلنے والی ’’بلیو لائٹ‘‘ سے ہونے والے نقصانات سے بچاتی ہے۔ اگرچہ ابھی تحقیق جاری ہے لیکن ماہرین کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس ’’بلیو لائٹ‘‘ سے کینسر، موٹاپے اور آنکھوں کے امراض کا خدشہ ہوتا ہے۔
خون کی روانی:
انڈے پر یہ ’’الزام‘‘ لگایا جاتا رہا ہے کہ اس سے خون میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے، خون کی نالیوں میں خون گاڑھا ہوتا ہے اور جمتا ہے، جس سے دل کے امراض کا خدشہ ہوتا ہے۔ لیکن تازہ تحقیقات سے یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ انڈے مناسب مقدار میں استعمال کرنے سے کولیسٹرول بڑھنے کا خدشہ نہیں ہوتا۔ دراصل انسانی جسم کو 300 ملی گرام کولیسٹرول کی روزانہ ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے انڈا ایک اچھا ذریعہ ہے۔
پٹھوں کی مضبوطی:
جب ہم 30 سال کی عمر کو پہنچتے ہیں تو ہمارے پٹھے کمزور ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ان میں ایک دہائی میں پانچ فیصد انحطاط ہوتا ہے۔ یوں آپ خود کو کمزور محسوس کرنے لگتے ہیں اور آپ کی سکت (سٹیمنا) کم ہوتی جاتی ہے۔ سکت کے انحطاط کو روکنے کے لیے ورزش کرنا مفید ہوتا ہے لیکن ساتھ ہی انڈوں کے استعمال سے پٹھوں کی تعمیر نو میں مدد ملتی ہے۔
ترجمہ: رضوان عطا