زرد پھلوں میں صحت کا راز

Last Updated On 27 January,2019 11:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) زرد رنگ کے پھلوں کے اجلے پن کو دیکھ کر جی خوش ہو جاتا ہے لیکن خوشی کا حقیقی سبب اس کے غذائی فوائد ہیں۔ زرد پھلوں میں لیموں اور سنگترے سے لے کر خربوزہ تک سب شمار ہوتے ہیں۔

زرد یا پیلے رنگ کے پھل اینٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن سی سے مالامال ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں فلیوو نائیڈ، لائکو پین، پوٹاشیم اور بیٹا کیروٹین ہوتے ہیں۔

یہ ہڈیوں، جلد اور دانتوں کے لیے بہت ضروری ہیں۔ ان سے دل، نظامِ انہضام اور مدافعتی نظام میں بہتری آتی ہے۔ زرد پھلوں میں لیموں، زرد سیب، زرد انجیر، آم، خربوزہ، شفتالو، پرمیسول، گوزبیری، سنہری کیوی، کیلا، گریپ فروٹ، خوبانی، آڑو، پپیتا اور بعض دیگر شامل ہیں۔

آئیے ان پھلوں کے فوائد کا مختصراً جائزہ لیتے ہیں۔

ان پھلوں میں چونکہ وٹامن سی بہت زیادہ مقدار میں ہوتی ہے اس لیے یہ نہ صرف قوت مدافعت کے نظام کو فائدہ پہنچاتے ہیں بلکہ کولاجن کی تعمیر میں جلد کی مدد کرتے ہیں۔

ان سے جلد میں لچک آتی ہے اور وہ زیادہ تروتازہ لگتی ہے۔ وٹامن سی میں اضافے سے ہڈیاں اور جوڑ صحت مند رہتے ہیں۔ ان میں موجود وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لیے مفید ہے اور اس سے پٹھوں کے انحطاط کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔

ان پھلوں میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹ پروسٹیٹ کینسر سے نپٹنے میں مدد گار ہوتے ہیں۔ یہ پھل دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں کیونکہ ان سے فشار خون اور کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔

یہ جسم میں پی ایچ کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ بیماری یا ہڈی ٹوٹنے کے بعد بحالی کے لیے یہ پھل خوب ہیں۔ غذائی ریشے یا فائبر کی خاصی مقدار کی وجہ سے ان کے استعمال سے نظام انہضام درست اور کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔ نیز دل مضبوط رہتا ہے۔