کراچی: (ویب ڈیسک) موسم کے بارے میں لگ بھگ 10 روز قبل پیش گوئی کرنے کے لئے کراچی سمیت ملک بھر میں 300 آٹومیٹک ویدر سٹیشن نصب کئے جائیں گے جبکہ اے ڈبلیو ایس کے لئے ورلڈ بینک کی جانب سے رقم مہیا کی جائے گی۔
آٹومیٹک ویدر سٹیشن کے ذریعے درجہ حرارت، ہوا کی رفتار و سمت، نمی کا تناسب، بادلوں کی بلندی، حد نگاہ سمیت دیگر موسمی صورتحال کا مشاہدہ ممکن ہوگا، جناح ٹرمینل سمیت شہر کے 5 مقامات پر آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز پہلے سے فعال ہیں۔
ہائیڈرومیٹ اینڈ کلائمٹ سروسز پراجیکٹ کے لئے ورلڈ بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ذریعے محکمہ موسمیات کو سافٹ لون دیا جائے گا جس کے تحت پورے پاکستان میں 300 آٹومیٹک ویدر سٹیشن نصب کئے جائیں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق شہرقائد سمیت سندھ بھر میں 55 آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز کی تنصیب ہوگی، صوبے میں اس وقت ویدر سٹیشنز کی تعداد 17 ہے جبکہ بیشتر اضلاع میں موسمی پیش گوئی کے آلات نصب نہیں ہیں۔
اس منصوبے کے تحت ہر تحصیل میں ایک ویدر سٹیشن لگایا جائے گا، منصوبے کے لئے محکمہ زراعت اور آبپاشی کی زمینیں حاصل کی جائیں گی جبکہ ملک کے باقی صوبوں میں بھی اے ڈبلیو ایس کی تنصیب سرکاری اراضی پر عمل میں لائی جائیگی۔
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل اپنے ریڈار بجٹ کے ذریعے 5 آٹومیٹک ویدر سٹیشنز نصب کئے جن پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔
ورلڈ بینک سے رقم موصول ہونے کے بعد پیپرا رولز کے تحت اس منصوبے کی تکمیل کے لئے ٹینڈر طلب کیا جائے گا، اس منصوبے اور اس سے منسلک ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل ہونے والے دیگر منصوبوں کی تکمیل میں اڑھائی سے 3 سال کا عرصہ لگے گا۔