ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر ’ بلیو سکائی ‘ نامی پلیٹ فارم متعارف

Published On 24 April,2023 01:55 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے شریک بانی اور سابق مالک جیک ڈورسی کی جانب سے ٹوئٹر کے متبادل کے طور پر ’ بلیو سکائی ‘ نامی پلیٹ فارم متعارف کرا دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈورسی نے 2019 میں ٹوئٹر سے فنڈنگ کے ساتھ بلوسکائی پر ایک سائیڈ پروجیکٹ کے طور پر کام کرنا شروع کیا اور اسے پہلی بار فروری کے آخر میں iOS صارفین کے لیے پیش کیا گیا۔

ٹیک کرنچ کے مطابق بہت سے صارفین نے کہا ہے کہ بلیو سکائی کا موجودہ بیٹا ورژن ٹوئٹر کی ایک پریڈ ڈاؤن کاپی جیسا ہے۔

بلیو سکائی بظاہر ٹوئٹر کی طرح ہی کام کرے گا تاہم مذکورہ پلیٹ فارم ٹوئٹر سے مختلف بھی ہوگا اور صارفین اپنی مرضی سے پلیٹ فارم کا فیڈ ڈیزائن کر سکیں گے۔

فوری طور پر پلیٹ فارم کو صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے اور صارفین ابھی مذکورہ پلیٹ فارم پر اس وقت ہی اکاؤنٹ بنانے کے اہل ہوں گے جب انہیں کسی دوسرے فرد کی جانب سے انوٹیشن ( دعوتی ) کوڈ موصول ہوگا۔

ٹیکنالوجی آؤٹ لیٹ نے رپورٹ کیا کہ خصوصی ایپلی کیپشن کی مانگ بڑھ رہی ہے اور پلیٹ فارم پر تقریباً 20,000 صارفین موجود ہیں۔