نیویارک : ( ویب ڈیسک ) سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے اگلے چار سالوں میں جنوبی کوریا کی نئی فلموں اور ٹی وی شوز میں 2.5 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹ فلکس اگلے چار سالوں میں جنوبی کوریا میں 2.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور فرم کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹیڈ سارینڈوس نے یہ اعلان واشنگٹن میں جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول سے ملاقات کے بعد کیا۔
جنوبی کوریا کے صدر یون اس وقت امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں ان کی آج صدر جو بائیڈن سے ملاقات متوقع ہے۔
سارینڈوس نے کہا کہ یہ رقم ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت میں فلموں اور ٹیلی ویژن شوز بنانے پر خرچ کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2021 میں جنوبی کوریا کی بنائی گئی’ Squid Game ‘ نیٹ فلکس کی اب تک کی سب سے مقبول سیریزہے جس کی لانچنگ کے بعد پہلے 28 دنوں میں اسے 111 ملین صارفین نے سٹریم کیا۔