ٹوئٹر نے کئی سالوں سے غیر فعال اکاؤنٹس کو ہٹانا شروع کر دیا

Published On 09 May,2023 03:20 am

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے کئی سالوں سے غیر فعال اکاؤنٹس کو ہٹانا شروع کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) ایلون مسک نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹوئٹر ان اکاؤنٹس کو ہٹا دے گا جو کئی سالوں سے غیر فعال ہیں۔

مسک نے مزید کہا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر صارفین اپنے فالوورز کی تعداد میں کمی دیکھ سکتے ہیں۔

ٹوئٹر کی پالیسی کے مطابق صارفین کو ہر 30 دن میں کم از کم ایک بار اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنا چاہیے تاکہ طویل عرصے تک غیرفعالیت کی وجہ سے مستقل طور پر ہٹائے جانے سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر نے گزشتہ ماہ مشہور شخصیات، صحافیوں اور ممتاز سیاستدانوں سمیت ہزاروں لوگوں کے پروفائل سے تصدیق شدہ بلیو ٹک ہٹا دیا تھا۔

مسک نے اکاؤنٹ کی تصدیق کو ٹویٹر کی بلیو سبسکرپشن کا ایک حصہ بنایا ہے اور ان کے مطابق اس اقدام سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بوٹ اکاؤنٹس کے مسئلے سے نمٹا جائے گا۔