آرٹیفشل انٹیلی جنس کے لیے ضابطے کی ضرورت ہے : اسٹیو ووزنیاک

Published On 10 May,2023 06:32 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) ایپل کے شریک بانی اسٹیو ووزنیاک نے کہا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) مواد کو واضح طور پر لیبل کیا جانا چاہئے اور اس شعبے کے لیے ضابطے کی ضرورت ہے۔

مسٹر ووزنیاک جو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ووز کے نام سے مشہور ہیں، سلیکن ویلی کے تجربہ کار ہیں جنہوں نے اسٹیو جابز کے ساتھ ایپل کی مشترکہ بنیاد رکھی اور پہلا ایپل کمپیوٹر ایجاد کیا۔

کمپیوٹنگ کے علمبردار نے مارچ میں ایلون مسک کے ساتھ ایک خط پر دستخط کیے تھے جس میں سب سے زیادہ طاقتور AI ماڈلز کی ترقی کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

حالیہ انٹرویو کے دوران ووز کا کہنا تھا کہ ایک انسان کو AI کے ذریعے پیدا ہونے والی چیزوں کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کو نہیں روک سکتے لیکن ہم لوگوں کو تیار کر سکتے ہیں تاکہ وہ دھوکہ دہی اور ذاتی معلومات لینے کی بدنیتی پر مبنی کوششوں کو پکڑنے کے لیے بہتر طور پر تعلیم یافتہ ہوں۔

یاد رہے کہ ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے تجربات کو اس وقت تک روک دینا چاہیے جب تک اس بات کو یقینی نہ بنا لیا جائے کہ ان سے انسانیت کو کوئی خطرہ نہیں۔