ایس ایم ایس واٹس ایپ اور کالز کے ذریعے فِشنگ حملوں میں اضافہ

Published On 07 October,2025 05:48 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایس ایم ایس واٹس ایپ اور کالز کے ذریعے فِشنگ حملوں میں اچانک سے اضافہ ہوگیا۔

جعلی پیغامات اور کالز کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات چرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے صارفین کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل سرٹ کا کہنا تھا کسی نامعلوم لنک پر کلک کریں نہ مشکوک پیغامات یا کالز کا ہرگز جواب دیں، بینک اکاؤنٹ، شناختی کارڈ یا او ٹی پی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں،غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس اور لنکس کے ذریعے لاگ ان سے گریز کریں۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بتایا کہ فِشنگ پیغامات میں اکثر انعامات، لاٹری یا بینک الرٹ کا جھانسہ دیا جاتا ہے، سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی شہریوں سے احتیاط برتنے اور جعلی نمبروں کو بلاک کرنے کی اپیل کی ہے۔

نیشنل سرٹ کا کہنا تھا کہ کسی مشکوک لنک پر کلک ہو جائے تو فوراً پاس ورڈ تبدیل کریں اور متعلقہ ادارے کو اطلاع دیں، اپنے موبائل اور ای میل اکاؤنٹس میں دوہری تصدیق فیکٹر فعال رکھیں، جعلی پیغامات، کالز کے خلاف فوری کارروائی کیلئے نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم سے رابطہ کریں۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے مزید بتایا کہ کسی بھی ادارے کا نمائندہ فون یا ایس ایم ایس پر آپ سے پاس ورڈ یا کوڈ نہیں مانگتا، فِشنگ حملے ملکی سطح پر بڑھ رہے ہیں، ہوشیاری اور آگاہی ہی بہترین دفاع ہے۔