ایپ ڈاؤن لوڈز میں پاکستان کا دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شمار

Published On 08 October,2025 08:47 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر اربوں موبائل ایپلیکیشنز(mobile apps) ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہیں، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ سب سے زیادہ ایپس کس ملک میں ڈاؤن لوڈ ہوتی ہیں؟ اور پاکستان کا اس دوڑ میں کیا مقام ہے؟

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 2024 میں تقریباً 3.56 ارب ایپ ڈاؤن لوڈز کئے اور اس طرح عالمی سطح پر نواں نمبر حاصل کیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان نے 2022 میں بھی 3.5 ارب ڈاؤن لوڈز کے ساتھ یہی درجہ حاصل کیا تھا، جو ایپ مارکیٹ میں اس کی مستقل موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی اور موبائل ایپلیکیشنز کی دنیا میں پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن کر سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2022 میں پاکستان میں ایپ ڈاؤن لوڈز میں 35.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جو اس بات کی دلیل ہے کہ ملک میں سمارٹ فونز کے استعمال اور انٹرنیٹ تک رسائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی سطح پر اگر بات کی جائے تو چین ایپ ڈاؤن لوڈز میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں صارفین کی بہت بڑی تعداد روزانہ لاکھوں ایپس انسٹال کرتی ہے، اس کے بعد بھارت دوسرے نمبر پر ہے، جو ایک بڑی اور متحرک ایپ مارکیٹ کے طور پر جانا جاتا ہے، برازیل تیسرے اور انڈونیشیا چوتھے نمبر پر ہیں۔

ٹیک ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایپ ڈاؤن لوڈز کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر نوجوان آبادی اور فری لانسنگ کے بڑھتے رجحان کے باعث، اگر یہی رفتار برقرار رہی تو مستقبل میں پاکستان کا شمار دنیا کی چند بڑی ایپ مارکیٹس میں کیا جا سکتا ہے۔