کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے نئے ’رنگز‘ پروگرام کے تحت 30 کروڑ ماہانہ فعال صارفین میں سے 25 تخلیقی صارفین کو ایوارڈ دے گا۔
ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق منتخب شدہ صارفین ایک فزیکل رنگ حاصل کریں گے جسے انگلش ڈیزائنر گریس ویلز بونر نے ڈیزائن کیا ہے، جب کہ ان کے انسٹاگرام پروفائل اور سٹوریز کے لئے ایک منفرد گولڈن رنگ بھی فراہم کیا جائے گا۔
صارفین کو اپنے پروفائل کے بیک گراؤنڈ کلر کو حسب منشا تبدیل کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی اور ان کا مواد ایپ میں ان کے اپنے سپاٹ لائٹ اور فیڈ میں نمایاں ہوگا۔
انسٹاگرام کے فیشن پارٹنرشپس کی سربراہ ایوا چن نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان لوگوں کو تسلیم کرنے کیلئے بنایا گیا ہے جو پلیٹ فارم پر تخلیقی مواقع لیتے ہیں، یہ لوگ ثقافتی محرک ہیں، یہ گفتگو کا آغاز کرتے ہیں اور ایسا کرنے سے دوسرے لوگوں کو بھی اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسٹاگرام تین ارب لوگوں کی کمیونٹی ہے اور یہ تین ارب لوگ شاید ایک ارب مختلف دلچسپیوں کی عکاسی کرتے ہیں، لہٰذا معیار کا تعین واقعی مشکل تھا، امیدواروں کی لمبی فہرست میں سے صرف 25 کا انتخاب کرنا ایک مشکل عمل تھا، مگر ہم تمام ججز ایسے لوگوں کی تلاش میں تھے جو تخلیقی مواقع لیتے ہیں اور نئے طریقے سوچ کر اپنے سامعین سے جڑتے ہیں۔
’رنگز‘ کے ججز میں ایوا چن، گریس ویلز بونر، انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری، ڈائریکٹر اسپائک لی، رگبی اسٹار ایلونا ماہر، میک اپ آرٹسٹ پیٹ میک گریٹھ، ڈیزائنر مارک جیکبز، اداکارہ یارا شاہیدی اور فنکار کاز شامل ہیں۔
فاتحین کا انتخاب مختلف مواد کے موضوعات اور زمروں سے کیا جائے گا، چاہے وہ فیشن یا میک اپ ہو، کھیل ہو یا تفریح۔