میٹا کا بچوں کے اے آئی چیٹ بوٹس پر والدین کو رسائی دینے کا اعلان

Published On 19 October,2025 08:33 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ بچوں کے زیر استعمال رہنے والے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس تک والدین کو رسائی دینے کا اعلان کر دیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال کے شروع سے بچوں کے اے آئی چیٹ بوٹس کے ساتھ رابطوں کیلئے والدین کے کنٹرول کے نئے فیچرز متعارف کرائے گی۔

مذکورہ نئے فیچرز میں والدین کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے بچوں کے اے آئی کرداروں کے ساتھ انفرادی چیٹس کو مکمل طور پر بند کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق کرداروں کی انفرادی چیٹس کو والدین کی جانب سے بند کئے جانے کے باوجود اے آئی اسسٹنٹ بند نہیں کیا جا سکے گا، یہ اسسٹنٹ بچوں کو مفید معلومات اور تعلیمی مواقع فراہم کرتا رہے گا اور اس میں بچوں کی عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات خود بخود شامل ہوں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ والدین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ مخصوص اے آئی چیٹ بوٹس کو بلاک کر سکیں۔

اس کے علاوہ، میٹا نے بتایا کہ والدین کو یہ معلومات مل سکے گی کہ ان کے بچے اے آئی کرداروں کے ساتھ کس قسم کی باتیں کر رہے ہیں لیکن وہ مکمل چیٹس نہیں دیکھ سکیں گے۔

یہ تبدیلیاں اس وقت سامنے آئی ہیں جب میٹا کو اپنے پلیٹ فارمز سے بچوں کو ہونے والے نقصانات پر تنقید کا سامنا ہے اور اس کے اے آئی چیٹ بوٹس پر بھی تنقید ہو رہی ہے کیونکہ کچھ مقدمات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے باعث بچوں میں خودکشی کے رجحانات بڑھے ہیں۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق امریکا اور یورپ سمیت دیگر امیر ممالک میں 70 فیصد سے زیادہ نوعمر بچے اے آئی چیٹ بوٹس استعمال کرتے ہیں اور آدھے سے زیادہ انہیں باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔

میٹا نے اعلان کیا کہ انسٹاگرام پر نوعمر اکاؤنٹس خود بخود PG-13 مواد تک محدود ہوں گے، یعنی وہ صرف وہی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ سکیں گے جو PG-13 فلموں جیسے ہوں، جن میں جنسی مواد، منشیات یا خطرناک حرکتیں شامل نہ ہوں۔

بچے والدین کی اجازت کے بغیر اپنی سیٹنگز تبدیل نہیں کر سکیں گے، یہ PG-13 پابندیاں اے آئی چیٹس پر بھی لاگو ہوں گی۔