لاک ڈاؤن، سفر کیلئے ترسے عوام کی خاطر ’جعلی پروازوں‘ کا سلسلہ شروع

Last Updated On 03 July,2020 05:54 pm

تائپے: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر سامنے آنے والی بیماری کورونا وائرس نے سب کو گھروں تک محدود رکھا ہا، اس دوران تائیوان میں سفر کے لیے ترسنے والوں کے لیے’’جعلی پروازوں‘‘ کا سلسلہ شروع کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان میں ایک ہوائی اڈے پر چیک ان، پاسپورٹ کی جانچ پڑتال اور سیکیورٹی وغیرہ کے بعد جہاز پر سوار کروایا جاتا ہے لیکن پرواز کہیں جاتی نہیں ہے۔

وبا سے بچاؤ کے لیے گھروں میں محدود رہنے والے ایسے افراد جو تواتر سے سفر کے عادی تھے اور گھر بیٹھے بیٹھے اکتا چکے تھے ان کے لیے تائپی کے سونگشان ہوائی اڈے پر اس سروس کا آغاز کیا گیا جس میں ابتدائی طورپر 60 افراد شریک ہوئے۔

اس ’جعلی سفر‘ کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار افراد نے حصہ لینے کے لیے رجوع کیا تھا جن میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے مسافروں کا انتخاب کیا گیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ چند ہفتوں تک جاری رہے گا۔ ہوائی اڈاے سے نہ شروع اور نہ ہی ختم ہونے والے اس ’سفر‘ میں شامل ہونے والوں کو معمول کی کارروائی سے گزارا گیا اور انہیں ایئر بس اے 330 پر سوار کروایا گیا جہاں فضائی میزبانوں نے زمین پر رہتے ہوئے ہی ان کی مہمان نوازی بھی کی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فضائی سفر انتہائی محدود ہوچکا ہے۔ اس سروس کا مقصد شہریوں کو ہوائی اڈے پر ہونے والی تزئین و آرائش دکھانا ہے اور یہ بتانا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ تائیوان کا شمار ان ممالک میں ہوتا جس نے کورونا وائرس کے باعث پھیلنے والی وبا کی ابتدا ہی میں بروقت اقدامات اور سرحدوں کی بندش سے اس پر قابو پایا۔ اس کے علاوہ حکومت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر غیر ملکی سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کررکھی ہے۔