کمپنی کی غلطی سے ملازم عارضی طور پر دولت مند بن گیا

Published On 05 August,2023 09:25 am

ہنگری: (ویب ڈیسک) وسطی یورپی ملک ہنگری کا ایک شہری عارضی طور پر اس وقت دولت مند بن گیا جب اس کی کمپنی نے غلطی سے اسے 367 گنا زیادہ تنخواہ دے دی اور جب کمپنی نے اس سے کہا کہ وہ اضافی رقم واپس کرے تو اس نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔

اس شخص کا نام تو معلوم نہیں ہوسکا، لیکن پتہ چلا ہے کہ وہ ہنگری کی سوموگی کاؤنٹی کا رہنے والا ہے اور اس نے کیپسوار نامی علاقے میں موجود کمپنی میں مختصر عرصے کام کیا،لیکن اسے آزمائشی مدت کے دوران ہی ملازمت سے برخاست کردیا گیا، اس کی اجرت 92 ہزار 549 فورنٹس( ہنگری کی کرنسی) تھی، جو 238 یورو کے مساوی ہے، تاہم غلطی سے کمپنی نے اسے 367 گنا زیادہ رقم ادائیگی کر دی۔

بتایا جاتا ہے کہ غلطی کی وجہ یہ تھی کہ اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ کسی آسٹرین بینک کا فراہم کیا تھا اور کمپنی نے فورنٹس کے بجائے اسے 92,549 یورو کی ادائیگی کر دی۔

جب اس سے رقم لوٹانے کو کہا گیا تو اس نے انکار کرتے ہوئے حیلے بہانے شروع کردیے، جس پر پولیس کی مدد لی گئی اور اب تک 72 ہزار یورو واپس لے لیے گئے ہیں جبکہ باقی کی واپسی کی کوششیں جاری ہیں۔