لنڈی کوتل :(ویب ڈیسک )خیبر پختونخوا کی تحصیل لنڈی کوتل میں مرکزی بازار سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع چار باغ میں پہاڑوں کے بیچ ایک خوبصورت آبشار ’اے سی گٹ‘ ہے جسے دیکھنے ملک بھر سے لوگ آتے ہیں۔
گٹ پشتو زبان کا لفظ ہے جو بڑے پتھر کو کہا جاتا ہے، دو چٹانوں کے بیچ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بڑا پتھر پھنس گیا تھا جس پر چشمے سے پانی آکر گرتا ہے، تنگ وادی میں گرتے پانی کی ٹھنڈک کی وجہ سے اسے ’اے سی گٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
لنڈی کوتل میں جہاں گرمی عروج پر ہوتی ہے تو لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے مکین اپنے بچوں کے ہمراہ اے سی گٹ آبشار کا رخ کرتے ہیں، آبشار کی سیر کیلئے آنے والے سیاحوں نے بتایا کہ انہیں دھوپ میں کھڑے ہو کر بھی یہاں سردی کا احساس ہو رہا ہے۔
سیاح ساتھ ہی ساتھ یہ بھی شکوہ کرتے ہیں کہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث یہاں نہ تو کوئی کنٹین اور نہ ہی ایسی سایہ دار جگہ بنائی گئی ہے جہاں سیاح بیٹھ سکیں اور اس سحر زدہ مقام سے بھر پور لطف اٹھا سکیں۔