غزہ کی پٹی پر شہید ہونے والے صحافی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

Last Updated On 26 April,2018 06:00 pm

فلسطین: (دنیا نیوز) غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ایک اور صحافی جان کی بازی ہار گئے، شہید کے جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، ایک ماہ میں شہداء کی تعداد 38 تک پہنچ گئی۔

غزہ میں ایک اور صحافی اسرائیلی دہشت گردی کا شکار، گزشتہ ہفتے صیہونی فوج کی گولی سے زخمی ہونے والے احمد ابو حسین جان کی بازی ہار گئے۔ غزہ کی پٹی میں ہزاروں افراد شہید کے جنازے میں شریک ہوئے۔

 

احمد ابوحسین کو مظاہرے کی کوریج کے دوران اسرائیلی سنیپرز نے گولی ماری تھی، شہید صحافی کے دوستوں کا کہنا ہے کہ احمد پریس کٹ میں ملبوس تھے اور سرحدی باڑ سے سو گز کی دوری پر تھے۔ اس کے باوجود نشانہ باندھ کر انہیں گولی ماری گئی۔

 

گزشتہ ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے اب تک 38 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔