بھارت خواتین کیلئے دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار، ٹاپ ٹین میں امریکا بھی شامل

Last Updated On 26 June,2018 12:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور جبری مشقت کے واقعات کی وجہ سے بھارت کو سب سے خطرناک ملک قرار دیا گیا، خطرناک ممالک کی فہرست میں امریکا ٹاپ ٹین میں شامل ہے۔

عالمی ماہرین کی رائے پر مشتمل تھومپسن رائٹرز فاؤنڈیشن کے سروے میں جنسی تشدد، ہراساں کرنے، ذہنی اور گھریلو تشدد سمیت خواتین کو درپیش مختلف قسم کے سوالات کئے گئے۔ سروے رپورٹ کے مطابق خواتین سے زیادتی، جنسی ہراساں اور تشدد میں بھارت نمبر ون قرار پایا ہے، جبکہ افغانستان کا دوسرا، شام تیسرا، صومالیہ چوتھا اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

سروے کے مطابق مغربی ممالک میں امریکا واحد ملک ہے جو ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں خواتین کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ماہرین نے مزید کہا کہ اس سروے کی ضرورت می ٹو مہم کے بعد محسوس کی گئی۔ می ٹی مہم میں دنیا بھر سے ہزاروں خواتین اپنے ساتھ پیش آئے جنسی ہراسانی کے واقعات منظر عام پر لائیں۔