فرانس: پیلی جیکٹس پہنے مظاہرین پر قابو پانے کیلئے نئی حکمت عملی تیار

Last Updated On 15 January,2019 10:16 pm

پیرس: (دنیا نیوز) پیلی جیکٹس کے احتجاج پر قابو پانے کے لیے فرانسیسی صدر میکرون آج سے ٹیکس، گرین انرجی، ادارتی اصلاحات اور شہریت پر مشتمل ملک گیر بحث کا آغاز کریں گے۔ بحث کے اختتام کے چار ہفتوں بعد صدر میکرون اسکا نتیجہ پیش کریں گے اور پھر عوام کے سامنے نیا معاہدہ رکھا جائیگا۔

دو ماہ سے جاری پیلی جیکٹس کے احتجاج پر قابو پانے کے لے لیے فرانسیسی صدر ملک گیر بحث کا آغاز کریں گے، جس میں چھ سو مئیرز شرکت کریں گے۔

پندرہ جنوری سے پندرہ مارچ تک جاری رہنے والی بحث میں ٹیکس، گرین انرجی، ادارتی اصلاحات اور شہریت پر عوام کی رائے معلوم کی جائے گی، جس کے بعد صدر میکرون قوم کے سامنے بحث کا نتیجہ پیش کریں گے۔

اکیس جنوری سے فرانسیسی عوام حکومت کی قائم کردہ ویب سائٹ پر بھی بحث میں شرکت کر سکے گی جبکہ یکم مارچ سے میکرون حکومت علاقائی شہری کانفرنس منعقد کرے گی جس میں قرعہ اندازی کے ذریعہ سو منتخب افراد شرکت کریں گے جو اس وقت تک سامنےآئے تمام نتائج اور سفارشات کو منظم صورت دینے میں مدد کریں گے۔

فرانسیسی صدر پھر ان سفارشات پر مشتمل پالیسی عوام کے سامنے پیش کریں گے، فرانسیسی صدر میکرون نے اتوار کے روز قوم کے نام ایک طویل خط لکھ کر اس منصوبہ کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔