دلی میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف کانگریس کی سائیکل ریلی، راہول کی مودی پر کڑی تنقید

Published On 03 August,2021 12:26 pm

دلی: (دنیا نیوز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف دلی میں سائیکل ریلی کے دوران نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

 

دارالحکومت نئی دلی میں راہول گاندھی کی کال پر اپوزیشن کی 15 پارٹیوں کے کارکنوں نے سائیکل ریلی میں حصہ لیا، مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ ہے جبکہ سرکار مخالفین کی جاسوسی میں مصروف ہے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے خلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت مودی کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی بھی ہوتی رہی۔ حکومت نے بڑے پیمانے پر سکیورٹی اہلکار تعینات کر رکھے تھے۔

کانگریس کی جانب سے گذشتہ ہفتے ٹریکٹر ریلی نکالی گئی تھی جس میں کسانوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، اس کی قیادت بھی راہول گاندھی سمیت کانگریس رہنماوں نے کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت میں مودی کی جانب سے متنازع زرعی قوانین متعارف کروانے کے خلاف کسان برادری سراپا احتجاج ہے، عوام کی اکثریت کسانوں کی حامی ہے۔

 

Advertisement