واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی فضائیہ نیشنل گارڈ کے ایک 21 سالہ ممبر کو پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیک ٹیکسیرا نامی نیشنل گارڈ ممبر ایک آن لائن گیمنگ چیٹ گروپ کا لیڈر ہے جہاں سے فائلیں لیک ہوئی تھیں، امریکی حکام نے کہا کہ ملزم پر جاسوسی ایکٹ کے تحت فرد جرم عائد کی جائے گی۔
گزشتہ دنوں امریکا اور نیٹو کا خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کیا گیا جس میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل تھیں، جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیرمعمولی اموات کا ذکر کیا گیا۔
ان دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ جنگ میں اب تک 71 ہزار 500 یوکرینی جبکہ 16ہزار سے 17ہزار روسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں اور یوکرین کی 12 میں سے 9 بریگیڈ امریکا نے مسلح کیں۔
دستاویزات کے مطابق امریکا اپنے اتحادی جنوبی کوریا کی بھی جاسوسی کرتا رہا ہے جبکہ لیک ہونے والی حساس امریکی دستاویزات میں چین سے روس کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے کے ارادے کا بھی ذکر تھا۔
ملزم کی گرفتاری کے دوران پولیس اہلکاروں نے علاقے کی سڑکیں بند کر دی تھیں جبکہ ملزم کو آج ہی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ سروس ریکارڈ کے مطابق ٹیکسیرا نے 2019 میں فورس میں شمولیت اختیار کی، اس کا آفیشل ٹائٹل سائبر ٹرانسپورٹ سسٹمز ٹریول مین ہے اور وہ ایئر مین 1st کلاس کا درجہ رکھتا ہے ۔
ایک مختصر بیان میں امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم انہوں نے تحقیقات یا لیک کے محرک کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے کہا کہ ملزم نے جان بوجھ کر مجرمانہ اقدام کیا ہے۔
جنرل رائڈر سے جب سوال کیا گیا کہ اتنے کم عمر ایئر مین کو خفیہ دفاعی دستاویزات تک کیسے رسائی حاصل ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ امریکی فوج میں اہلکاروں کو بہت کم عمری میں ہی بہت سی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔