شہری کی بھارتی وزیراعظم مودی کو موبائل فون مارنے کی کوشش ، بال بال بچ گئے

Published On 01 May,2023 11:07 am

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کے میسور روڈ شو میں وزیراعظم نریندر مودی کو موبائل فون مارنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ بال بال بچ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم ریاست کرناٹک کے متعدد شہروں میں اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور اب تک کئی انتخابی ریلیوں میں شرکت اور 6 جلسوں میں خطاب کرچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی اسمبلی کی انتخابی مہم میں میسور میں وزیراعظم کا روڈ شو ہو رہا تھا جس میں ہجوم میں سے ان پر کسی نے موبائل فون پھینکا جو مودی کو نہیں لگا اور ٹرک کی چھت پر جا گرا۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا وزیر اعظم نریندر مودی سپیشل پروٹیکشن گروپ کی حفاظت میں تھے، جبکہ موبائل فون بی جے پی رکن کا تھا اوریہ  ایک غیر ارادی واقعہ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت کے بعد سپیشل پروٹیکشن گروپ نے رکن کو اپنا موبائل فون واپس کر دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہو رہے ہیں۔