امریکی ریاست الابامامیں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

Published On 23 September,2024 11:26 am

الاباما: (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست الاباما میں متعدد حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر ٹرومین فٹزجیرالڈ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ برمنگھم کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ ڈسٹرکٹ میں رات 11 بجے کے بعد متعدد شوٹرز نے لوگوں کے ایک گروپ پر گولیاں برسا دیں۔

انہوں نے کہا کہ افسران کو دو مرد اور ایک خاتون بے جان حالت میں فٹ پاتھ پر ملے جو گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں تینوں کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چوتھے متاثرہ شخص کی موت مقامی ہسپتال میں ہوئی، فائرنگ میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں کم از کم چار کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کو مختلف زخم آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے فائرنگ کے سلسلے میں کسی کو حراست میں نہیں لیا ہے، عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات فراہم کریں جس سے تحقیقات میں مدد مل سکے۔

واضح رہے کہ گن وائلینس آرکائیو کے مطابق، اس سال امریکا میں فائر آرمز کے 403 واقعات میں کم از کم 12 ہزار 416 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔